سوکن نے بے گھر کردیا



سوکن نے بے گھر کردیا

دعاؤں سے علاج
روحانی ڈائجسٹ جون 2023ء سے انتخاب


 سوال:- میری شادی کو انیس سال ہوگئے ہیں اولاد نہیں ہوئی۔ میں جاب بھی کرتی ہوں۔ میں نے اور میرے شوہر نے اپنی مشترکہ کمائی سے ایک مکان بنایا ہے۔ 

اولاد کے لیے میرے شوہر  کو کسی نے  دوسری شادی کا مشورہ دیا۔  میرے شوہر کو ایک مطلقہ عورت ملی جس کی ایک بیٹی بھی تھی۔ شوہر نے مجھ سے اجازت چاہی میں نے اس شرط پر کہ وہ دوسرے گھر میں رہے گی اجازت دے دی۔ 

اس نکاح کے چند ماہ بعد  شوہر صاحب نے اصرار شروع کردیا کہ اسے بھی اس مکان میں آنے دو۔ اسے اوپر ایک کمرہ دے دیتے ہیں۔ میں نہ مانی تو اُنہوں نے مجھ پر زیادتیاں شروع کردیں۔ اس کے بعد میرے شوہر  اس مکان  سے جس کی تعمیر میں میری  آمدنی بھی شامل تھی مجھے میرے بھائی کے گھر چھوڑ گئے۔ زندگی بھر کی محنت سے کمائی ہوئی رقم سے میں نے اپنا مکان بنایا اور سجایا تھا۔ اب میری سوکن وہاں قبضہ جمائے  بیٹھی ہے اور میں بے گھر ہوکر اپنے بھائی کے ہاں پڑی ہوئی ہوں۔ میری خواہش ہے کہ میرا گھر واپس ملے اور سوکن کو وہ دوسری جگہ رکھے یا پھر اس گھر میں میرا جتنا بھی سامان ہے مجھے واپس کردے۔


جواب: رات سونے سے پہلے   اکتالیس مرتبہ  سورۂ رعد کی آیت 20-22 

الَّذِیۡنَ یُوۡفُوۡنَ بِعَہۡدِ اللّٰہِ وَ لَا یَنۡقُضُوۡنَ الۡمِیۡثَاقَ O وَ الَّذِیۡنَ یَصِلُوۡنَ مَاۤ اَمَرَ اللّٰہُ بِہٖۤ اَنۡ یُّوۡصَلَ وَ یَخۡشَوۡنَ رَبَّہُمۡ وَ یَخَافُوۡنَ سُوۡٓءَ الۡحِسَابِO وَ الَّذِیۡنَ صَبَرُوا ابۡتِغَآءَ وَجۡہِ رَبِّہِمۡ وَ اَقَامُوا الصَّلٰوۃَ وَ اَنۡفَقُوۡا مِمَّا رَزَقۡنٰہُمۡ سِرًّا وَّ عَلَانِیَۃً وَّ یَدۡرَءُوۡنَ بِالۡحَسَنَۃِ السَّیِّئَۃَ اُولٰٓئِکَ لَہُمۡ عُقۡبَی الدَّارِ O

اوّل وآخر گیارہ گیارہ بار درودشریف کے ساتھ پڑھ کر اپنے حالات کی بہتری اور شوہر کے روئیے میں بہتری کی دعا مانگیں۔ وضو بےوضو کثرت سے 

اللہ تعالیٰ کے اسم یاسلام کا ورد کریں۔


دعاؤں سے علاج، روحانی ڈائجسٹ،جون 2023ء سے اقتباس