دیر تک جوان رہنے کے لیے حضرت نصیر الدین چراغ دہلویؒ کا نسخہ

دیر تک جوان رہنے کے لیے

حضرت نصیر الدین چراغ دہلویؒ کا نسخہ


برصغیر کے مشہور صوفی  بزرگ  خواجہ نظام الدین اولیاءؒ کے شاگرد حضرت نصیر الدین چراغ دہلوی   سے منسوب ایک طبی نسخہ قدیم کتب میں تحریر ہے کہ  سیاہ ہڑ (ہلیلہ ) کو ایک خاص طریقے سے ایک سال تک استعمال کیا جائے تو  انسان کی کایا پلٹ سکتی ہے۔ 

پہلے مہینے جسم کے زہریلے مادے نکل کر سستی دور ہوجاتی ہے، دوسرے ماہ پیٹ اور معدہ کی کارکردگی بہت اچھی ہوجاتی ہے، تیسرے ماہ آنکھ کی بینائی بہتر ہوتی ہے اور امراض چشم سے مدافعت میں اضافہ ہوتا ہے، چوتھے ماہ قلب کو تقویت ملتی ہے، پانچویں ماہ بال سفید ہونا رک جاتے ہیں، چھٹے ماہ جنسی صحت بہتر ہوتی ہے....

 ساتویں ماہ جگر کو تقویت ملتی ہے، آٹھویں ماہ قوت حافظہ اچھی ہوتی ہے، نویں ماہ پِتہ اور لبلبہ کی صحت بہتر ہوتی ہے، دسویں ماہ چستی اور ہوشمندی میں اضافہ، گیارہویں ماہ ہڈیوں اور پٹھوں کی مضبوطی بہتر اور بارہ ماہ بعد گویا صحت کی ایک نئی اور اچھی حالت۔ 

سیاہ ہڑ کے استعمال کا طریقہ یہ بتایا گیا ہے۔

ہلیلہ سیاہ کو پاؤڈر کرکے رکھ لیں اور روغن بادام کے ساتھ چرب کرلیں تاکہ اس کی خشکی کم ہو جائے۔ اب درج ذیل طریقہ سے استعمال میں لائیں۔

جنوری-فروری : فلفل دراز (مگھاں،  پیپلا مول ) اور روغن بادام کے ساتھ   ہڑ سیاہ کا سفوف ہم وزن   ملاکر روز ایک ٹی اسپون ایک گلاس پانی کے ساتھ  دو ماہ  تک استعمال کیا جائے۔  

مارچ-اپریل: روغن بادام کے ساتھ   ہڑ سیاہ کا سفوف  ہم وزن شہد کے ساتھ ایک ٹی اسپون  روزانہ۔

مئی-جون: روغن بادام کے ساتھ   ہڑ سیاہ اور پرانے گُڑ کا ہم وزن سفوف  ایک ٹی اسپون  روزانہ۔ 

جولائی-اگست:روغن بادام کے ساتھ   ہڑ سیاہ کا سفوف  ہم وزن کالا نمک ملاکر روزانہ

ستمبر-اکتوبر: روغن بادام کے ساتھ   ہڑ سیاہ کا سفوف  ہم وزن مصری ملاکر ایک ٹی اسپون روزانہ۔

نومبر-دسمبر: روغن بادام کے ساتھ   ہڑ سیاہ کا سفوف  ہم وزن سونٹھ ملا کر ایک ٹی اسپون  روزانہ۔


نوٹ: ہر دو ماہ بعد ہریڑ کے سفوف کے ساتھ والی چیز تبدیل کرنی ہے۔ بہتر طریقہ یہ ہے کہ ہر دو ماہ بعد سیاہ  ہڑ لے کر  روغن بادام سے چرب کرکے جو جزو ملانا ہو وہ ملا لیا جائے،  دوسرا یہ کہ مئی-جون میں جب گُڑ ملانا ہو تو گُڑ صاف قسم کا اور پرانا ہو۔ جتنا پرانا ہو بہتر ہے۔ 


روحانی ڈائجسٹ، مئی 2023ء سے اقتباس