شوہر نہیں چاہتے کہ مزید اولاد ہو




شوہر نہیں چاہتے کہ مزید اولاد ہو....


روحانی ڈائجسٹ جون 2023ء سے انتخاب


 سوال:-  میری شادی کو گیارہ سال ہوگئے ہیں۔ ایک بیٹا ہے جس کی عمر دس سال ہے۔ اس کے بعد سے ہمارے ہاں کوئی اولاد نہیں ہوئی۔ میرے شوہر نہیں چاہتے کہ ان کے ہاں مزیداولادہو۔

میرے شوہر حد درجہ کنجوس ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ مزید اولاد کا مطلب ہے مزید خرچ  ۔  ان کی اچھی تنخواہ ہے لیکن ان کی حد سے بڑھی ہوئی کنجوسی نے مجھے مزید بچوں کی خوشیوں سے محروم کیا ہوا ہے۔ 

 میرا پہلا بچہ آپریشن سے ہوا تھا اور اس کے تمام اخراجات میرے والدین نے اٹھائے تھے، اب میرے  شوہر کہتے ہیں کہ اگر اگلا بچہ بھی آپریشن سے ہوا تو اس کے اخراجات کون اٹھائے گا۔

وہ کہتے ہیں کہ آج کل بچوں کی ایجوکیشن پر بھی بہت خرچہ آتا ہے اس لیے ایک بیٹا ہی کافی ہے۔



جواب: میں اپنے والد محترم خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کے ساتھ برس ہا برس سے مختلف شعبوں میں کام کررہا ہوں۔

اس دوران طرح طرح کے مسائل سننے اور پڑھنے میں آئے۔ کئی مسائل ایسے تھے جنہیں پڑھ کر بہت دکھ ہوا۔ کچھ مسائل پڑھ کر بہت زیادہ  حیرت کا سامنا کرنا پڑا۔ مسائل جان کر مختلف قسم کے ردِ عمل اور تاثرات مرتب ہوتےہیں۔

 آپ کا مسئلہ پڑھ کر جو کیفیت  ہوئی سمجھ میں نہیں آرہا کہ اسے کیا کہا جائے۔ شاید روحانی ڈاک کے قارئین بھی اس بارے میں میرے ہم خیال ہوں مگر خیر....! یہ دنیا ہے۔ یہاں طرح طرح کی سوچ رکھنے والے لوگ بستے ہیں۔ سوچ کے اس تنوع کی وجہ سے بھی اسے رنگ برنگی دنیا کہاجاتاہے۔

دعا ہے کہ اﷲتعالیٰ آپ کے شوہر کے دل کو غنی کردے اور ان کے دل سے دولت کی چپک دور ہوجائے۔ آمین

 آپ رات سونے سے قبل  101 مرتبہ  سورہ بقرہ(2)کی آیت 117 

بَدِیۡعُ السَّمٰوٰتِ وَ الۡاَرۡضِ ؕ وَ اِذَا قَضٰۤی اَمۡرًا فَاِنَّمَا یَقُوۡلُ لَہٗ کُنۡ فَیَکُوۡنُ  O

گیارہ گیارہ مرتبہ  درود شریف کے ساتھ پڑھ کر اپنے شوہر کا تصور کر کے دم کردیں۔

 اس کے بعد تصور میں یہ دیکھیں کہ آپ اپنے ایک ننھے بچے کو گود میں لئے اپنے شوہر اور بڑے بیٹے کے ساتھ بیٹھی ہوئی ہیں۔ 

یہ عمل پابندی کے ساتھ تین ماہ تک جاری رکھیں۔ 

ڈاکٹر وقار یوسف عظیمی
روحانی ڈاک ، روحانی ڈائجسٹ،جون 2023ء سے اقتباس